لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پیر کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں رائٹ ٹو انفارمیشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔یہ تقریب سنٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشیٹیوز(سی پی ڈی آئی) کے تعاون سے پنجاب انفارمیشن کمیشن نے منعقد کی۔تقریب میں چیف انفارمیشن کمشنر محبوب قادر شاہ کے علاوہ سینئر ججز ، وکلا، وائس چانسلرز اور مختلف کالجز کے پرنسپلز نے بھر پور شرکت کی۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اس تقریب کا بنیادی مقصد رائٹ ٹو انفارمیشن کا ملک کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے جن ممالک میں آر ٹی آئی قانون موثر طور پر لاگو ہے وہاں کرپشن کی سطح کم اور گڈ گورننس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئندہے کہ پاکستان دنیا کے ان 125 ممالک میں شامل ہے جہاں آر ٹی آئی قانون کی شکل میں لاگو ہوا۔انہوں نے اس بات کی توقع ظاہر کی کہ حکومت پنجاب آر ٹی آئی قانون کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی اداروں کی ویب سائٹس کے ذریعہ بنیادی معلومات مہیا کرنے کے نظام کو تیز تر بنانے کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی کا سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمہ، عوامی عہدیداروں کی کار کردگی کو موثر بنانے اور گڈ گورننس میں کلیدی کردار ہے ۔ آرٹی آئی قانون سرکاری اداروں کے مالی اور انتظامی امور میں شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب انفارمیشن کمیشن نے پچھلے 5سالوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔
کمیشن نے اس دوران چیف انفار میشن کمشنر محبوب قادر شاہ کی سربراہی میں نہ صرف بیس ہزار سے زائد رائٹ ٹو انفارمیشن کی اپیلیں نمٹائی ہیں بلکہ پنجاب بھر میں پبلک انفارمیشن افسران کی ٹریننگ اورعوام کو آرٹی آئی سے آگاہی کے بارے میں بے شمار سیمینارمنعقد کئے۔اس موقع پر چیف انفار میشن کمشنر محبوب قادر شاہ نے کہا کہ آرٹی آئی ایک فلاحی ریاست کے قیام کی کنجی ہے۔گورنر پنجاب نے آرٹی آئی کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دینے والے 35 بہترین آرٹی آئی ایکٹیوسٹس میں آرٹی آئی ایوارڈ تقسیم کئے۔