ساہیوال۔ 16 اگست (اے پی پی):آر پی او نے گزشتہ روز ریجن کے تینوں اضلاع ساہیوال،اوکاڑہ اور پاکپتن کے تھانوں میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت درج زیر تفتیش مقدمات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان معاشرتی امن کی مکمل ضمانت ہے،اس کے تحت درج مقدمات میں اگر ملزمان عدم گرفتار ہیں تو ان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں،جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے جلد از جلد گرفتار کریں۔
آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ آمدہ بڑے مذہبی ایونٹ چہلم حضرت امام حسینؑ کے روایتی و لائسنسی پروگراموں کی سیکورٹی کے لئے پیش بندی اقدامات اٹھائے جائیں،تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام،عمائدین پر مشتمل ضلعی امن کمیٹی کی مشاورت سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کی تیاری کی جائے۔
محرم الحرام کی طرح چہلم حضرت امام حسینؑ پر بھی روایتی اور لائسنسی پروگراموں سے ہٹ کر کوئی پروگرام منعقد نہیں ہو سکے گا،ریجن کے تینوں اضلاع میں سیکورٹی ہائی الرٹ کا تسلسل قائم رہے گا۔