آر پی او فیصل آباد نے کھلی کچہری میں 200 سے زائد سائلین کی درخواستیں سن کر متعلقہ افسران کو فوری داد رسی اور مسائل کے بروقت حل کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او فیصل آباد کی کھلی کچہری، 200 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر سماعت کی گئی

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 10 جولائی (اے پی پی):آر پی او فیصل آباد کی کھلی کچہری، 200 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر سماعت، متعلقہ افسران کو موقع پر داد رسی کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان ریجنل پولیس رضوان بھٹی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو فوری اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں ریجنل پولیس آفس فیصل آباد میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں 200 سے زائد سائلین شہریوں نے براہِ راست اپنے مسائل اور درخواستیں پیش کیں ۔ آر پی او نے تمام درخواست گزاروں کے مؤقف کو تفصیل سے سنا اور 72 درخواستوں پر موقع پر ہی داد رسی کرتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے۔ 132 درخواستیں مزید انکوائری کے لیے متعلقہ افسران کو بھجوا کر مقررہ وقت میں رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت داد رسی پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں سے بدسلوکی، مقدمات کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔مزیدآر پی او فیصل آبادنے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش مکمل شفافیت اور میرٹ پر کی جائے، کسی بھی قسم کے دباؤ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے اور تمام درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کر کے رپورٹس پیش کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عام شہریوں بالخصوص محروم اور کمزور طبقات، کو ان کی دہلیز پر فوری، شفاف اور مؤثر انصاف فراہم کرنا اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔








