صوبہ بھر کے عوام کیلئے 1500 الیکٹروبسیں لارہے ہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع خانیوال کے ارکانِ صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور ضلع کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ضلع خانیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج،چوہدری ضیاء الرحمن،رانا محمدسلیم، اکبر حیات ہراج، رانا بابر حسین عابد، اسامہ فضل، اصغر حیات ہراج اوردیگر شامل تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کے پیش کردہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے تلمبہ اور میاں چنوں سمیت ضلع خانیوال کے دیگر علاقوں میں بھی جلدمزید الیکٹرو بس سروس لانے کا اعلان کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کے دوران ملتان، وہاڑی روڈ کی تعمیر پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوش کو سراہا اور ضلع خانیوال میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر وزیراعلیٰ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ عامر حیات ہراج نے ملاقات کے دوران حلقے کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال کے عوام پاکستان کی جدید ترین بس سروس کا آغاز کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ رانا محمد سلیم نے کہا کہ خانیوال میں الیکٹرو بس کا اجرانئے اور جدید ترین ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہے۔ اکبر حیات ہراج نے کہا کہ کبیر والااور گرد و نواح کے عوام کے لئے الیکٹروبس نعمت سے کم نہیں۔ چوہدری ضیاء الرحمن نے کہا کہ جہانیاں اور گرد و نواح کے لوگ الیکٹرو بس کے اجرا پر وزیراعلی ٰ کے ممنون ہیں۔وزیراعلی مریم نوازنے خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں الیکٹرو بس پہنچنے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ خانیوال، جہانیاں اور کبیروالا میں الیکٹروبس عوام کا حق ہے، کسی کا احسان نہیں۔ صوبہ بھر کے عوام کیلئے 1500 الیکٹروبسیں لارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکٹروبس محض ایک سہولت نہیں بلکہ نئے اور جدید ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے خالق آباد تلمبہ روڈ ایس ایم لنک کے شکستہ پل کی تعمیر و مرمت جلد کرنے کی ہدایت کی۔