آزادانہ تجارت معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کے بعد چین کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا،کورونا وائرس کی وباء کے اثرات کے باوجود دوطرفہ تجارت میں بہتری آرہی ہے، چین میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی کا چین کے ابلاغی ادارے کو انٹرویو

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہاہے کہ پاک چین آزادانہ تجارت معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کے بعد چین کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چین کے ایک ابلاغی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنوری 2020ء میں آزادانہ تجارت کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کے بعد چین کو پاکستانی برآمدات میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین قریبی دوست اوربرادرممالک ہیں اوریہ بات خوش آئند ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے اثرات کے باوجود دوطرفہ تجارت میں بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی اوراداروں کی سطح پر قریبی تعاون کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیانہ درجہ کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون اورمشترکہ منصوبے شروع کرنا بھی ضروری ہے۔پاکستانی سفیرنے کہاکہ سی پیک کے تحت پہلے مرحلے کے منصوبے مکمل یا تکمیل کے قریب ہیں ، ملک میں بجلی کا بحران ختم ہوچکاہے اب دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ متبادل توانائی، برقی کاروں، ہوابازی، ٹرانسپورٹ اورٹیلی کمیونیکیشن سمیت 10 سے زائد ایسے شعبہ جات ہیں جہاں چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکتاہے۔پاکستانی سفیر نے کہاکہ پاکستان اورچین کے درمیان وسیع ترمواقع موجود ہیں اورضرورت اس امرکی ہے کہ ان مواقع سے استفادہ کیا جائے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال چین میں پاکستان مینگوفیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا،یہ فیسٹول رواں سال بھی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ یہ بات بھی باعث مسرت ہے کہ چین میں پاکستان کے کینو اورسٹرس فروٹ کو بڑی پذیرائی ملی ہے، رواں سیزن میں چین کو ریکارڈ کینو کی برآمدات ہوئی اورتوقع ہے کہ آئندہ سال اس میں مزید اضافہ ہوگا۔