مظفر آباد۔ 15 مئی (اے پی پی):آزادجموں وکشمیر میں کل ( جمعہ ) کو آپریشن” بنیان مرصوص” کی کامیابی پر "یوم تشکر” منایاجائے گا۔ یوم تشکر کے انتظامات کے حوالے سے چیف سیکرٹری خوشحال خان کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار،سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ظفرمحمودخان، سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید، سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی علی، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل رفاقت مغل، سپیشل سیکرٹری داخلہ طاہر ممتاز خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم تشکرکے موقع پر ریاست بھر میں نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکالی جائیں گی ۔
تمام ضلعی صدرمقامات پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقدہونگی اور سرکاری عمارات پرقومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔دارلحکومت مظفرآباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقدہوگی ۔ یوم تشکر کے موقع پر یادگار شہدا چھترچوک پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیاجائےگا۔ اس سلسلہ میں آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے محکمہ سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے کیاجائیگا۔ نماز فجراور نماز جمعہ کے بعد آزادکشمیر کی تمام مساجد میں قومی سلامتی، آزادریاست جموں وکشمیر کی خوشحالی اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی اورشہدائے پاکستان، شہدائے تحریک آزادی کشمیراورشہدائے آپریشن بنیان مرصوص کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
یوم تشکرکے موقع پر نیوسول سیکرٹریٹ چھتر سے یادگار شہدا تک ریلی کا انعقاد کیاجائے گاجس میں سیاسی و سماجی شخصیات ، سول سوسائٹی سمیت سرکاری ملازمین شریک ہونگے ۔ یوم تشکر کے موقع پر شام ساڑھے سات بجے نلوچھی پل پر کینڈل لائٹس کا اہتمام بھی کیاجائے گا ۔ اجلاس میں یوم تشکر کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597408