آزادکشمیر الیکشن کمیشن کا پولنگ سٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے موثر سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ

آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موثر سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے

مظفرآباد ۔14جولائی (اے پی پی):آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موثر سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا،پولنگ مٹیریل، بیلٹ باکسز اور انتخابی عملے کی بروقت ترسیل کے لیے موومنٹ سکیم کو حتمی شکل دی جائے۔

پی آئی ڈی آزادکشمیر کیمپ آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا ،جس میں 27 جولائی کے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ریٹرننگ افسران اور ڈپٹی کمشنرز کو ضابطہ اخلاق پر موثر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی اور رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان،کمشنر مظفرآباد ڈویژن کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی،ایس ایس پی مظفرآباد،ایس پی نیلم اور جہلم ویلی بھی اجلاس میں موجود تھے۔اس موقع پر پولنگ سٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موثر سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیاگیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ مٹیریل، بیلٹ باکسز اور انتخابی عملے کی بروقت ترسیل کے لیے موومنٹ سکیم کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی انتخابی نتائج کی بروقت وصولی اور کنٹرول روم تک ترسیل کے لیے جامع انتظامات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کم سے کم گاڑیوں کے موثر استعمال کے لیے اسمبلی پوائنٹس مقرر کیے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ انتخابی عملے اور پولنگ مٹیریل کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے،تمام متعلقہ ادارے پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

مزید خبریں