آزادکشمیر الیکشن کمیشن کے رکن سید نظیر الحسن گیلانی نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کرکے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
آزادکشمیر الیکشن کمیشن کے رکن سید نظیر الحسن گیلانی کا پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ ،بیلٹ پیپرزکی چھپائی کے عمل کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):آزادکشمیر الیکشن کمیشن کے رکن سید نظیر الحسن گیلانی نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز (ووٹس) کی چھپائی کے عمل کا جائزہ لیا۔
پی آئی ڈی آزادکشمیر سے جاری بیان کے مطابق دورے کے موقع پر پرنٹنگ پریس آف پاکستان کے اعلیٰ حکام نے ممبر الیکشن کمیشن کا استقبال کیا اور انہیں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے آگاہ کیا کہ اب تک جموں اور ویلی کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ آزاد کشمیر کے 33 انتخابی حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لی جائے گی۔سید نظیر الحسن گیلانی نے پرنٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مراحل کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ انتخابی شیڈول کے مطابق بیلٹ پیپرز کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سکیورٹی سید ریاض بخاری نے ممبر الیکشن کمیشن کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی حفاظت اور انہیں باحفاظت متعلقہ ریٹرننگ افسران تک پہنچانے کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ انتخابی مواد کی محفوظ ترسیل ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔ ممبر الیکشن کمیشن نے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ، پیکنگ، ترسیل اور سکیورٹی کے تمام مراحل میں شفافیت، احتیاط اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔








