لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):آج ہم سب کی آزادی اور قومی بقا پاک فوج کی مرہون منت ہے، ہر شہید کا لہو ہم سب پر قرض ہے اور ہم وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کرسمس کے حوالے سے …
آزادی پاک فوج کی مرہون منت، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان

مزید خبریں
لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):آج ہم سب کی آزادی اور قومی بقا پاک فوج کی مرہون منت ہے، ہر شہید کا لہو ہم سب پر قرض ہے اور ہم وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کرسمس کے حوالے سے یہاں منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مئی میں دشمن کی طرف سے ہونے والی جارحیت کا پاکستان کی بری، بحری اور فضائیہ کے جوانوں نے بہترین جواب دیا، ملکی بلکہ عالمی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ کسی نے اپنے دشمن کے 7جہاز گرائے ہوں اور ہمارا ایک جہاز بھی متاثر نہیں ہوا۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ ان والدین کو سلام پیش کرتے ہیں جن کے بچوں نے ہمارے مستقبل کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، اپنا اکلوتا بیٹا اور سہاگ قربان کرنے والوں کے خلاف بولنا شرمناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست ضرورکریں لیکن پاک فوج کے خلاف ایک لفظ بھی بولنے والوں کی ہر محب وطن شہری زبانیں کھینچ لیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مجھے اس پارٹی کے اندر اور باہر ہر چیز کا بخوبی علم ہے، میں اس ملک دشمن بیانیے کی حامل جماعت سے وابستہ ایک ایک شخص کے ہر عمل کو جانتا ہوں لیکن میری ایسی تربیت نہیں کہ ان کا کسی انداز میں جواب دیا جائے۔
انہوں نے افواج پاکستان بالخصوص سپہ سالار فیلڈ مارشل چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگوائے۔صدر آئی پی پی نے25دسمبر کو یوم قائد اعظم اور کرسمس کے حوالے سے کہا کہ قائد نے پاکستان بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقلیتوں سمیت سب کا ملک ہے، مساجد کی طرح گرجہ گھروں کا احترام ہم سب پر یکساں واجب ہے، ہمارے نبی پوری دنیا کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے بھی اس ملک کیلئے قربانیاں دیں، ہر پاکستانی اپنے مسیحی بھائیوں کا مقروض ہے جنہوں نے تعلیم، صحت، عدلیہ اور عسکری اداروں میں شاندار خدمات سر انجام دیں۔
انہوں نے اپنے حلقے این اے117اور پی پی119سے شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عام انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں اور بالخصوص مسیحی بہن بھائیوں کی مشکلات کے حل کیلئے ان کے دروازے24گھنٹے کھلے ہیں۔
اس موقع پر آئی پی پی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری، جنرل سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے شعیب صدیقی، صدر لاہور ملک زمان نصیب، اقلیتی ونگ کے صدر و سابق ایم پی اے ہارون عمران گل، نائب صدر پنجاب میاں جنید ذو الفقار، شعبہ خواتین سے تحسین خاکوانی، روبینہ سلہری، ڈاکٹر جویریہ سہروردی نے شرکت کی جبکہ مسیحی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔








