سرینگر۔ 09 اکتوبر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں اور رہنماﺅں نے بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے شہید ہونے والے سرینگر کے کم عمر لڑکے جنید احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 12سالہ جنید احمد جمعہ کے روز سرینگر کے علاقے سعدہ پورہ میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو ا تھا۔ جنید کے سر میں پیلٹ لگے تھے اور وہ ہفتے کی صبح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔