لاہور۔14اگست (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان کے78ویں یوم آزادی کے موقع پر کہا ہے کہ آزادی کا دن ہمارے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔یوم آزادی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بری نعمت ہے،پاکستانی قوم بڑی جفا کش ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاسی چپقلش اور دو جنگوں کے باوجود پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے،دہشت گردی کا طویل عرصہ تک سامنا کیا، معیشت تباہ ہوئی لیکن قوم نے ہمت نہیں ہاری۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور وطن کی سرحدوں کے محافظوں کو جذبہ عقیدت پیش کرتا ہوں،اقلیتوں کے تحفظ کی قسم کھاتے ہیں،اقلیت کی حفاظت اسلام کی بنیادی اساس ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے ہمیشہ عوام کے لیے بہترین خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عنقریب پاکستان اقوام عالم میں مضبوط اور مستحکم معاشی ا ور سیاسی ملک کے طور پر ابھرے گا،پاکستان ایک پر امن ملک ہے،بدقسمتی سے دہشت گردی نے پنجے گاڑھے ہیں مگر انشااللہ جلد اس سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔