بارسلونا۔25اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن محض ایک تاریخ نہیں بلکہ قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کی اس روح کی یاد دہانی ہے جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں حاصل کی گئی، آزادی کا یہ دن ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔پیر کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپین کے دارالحکومت بارسلونا میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پاک فیڈریشن سپین کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں قونصل جنرل پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر، کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین سید علی رضا، پاک فیڈریشن کے صدر چوہدری فیض اللہ ساہی، راجہ مختار سونی، حافظ عبدالرازق صادق، سینئر صحافی محسن رضا، علی فرقان، حاجی راجہ اسد، شہزاد اصغر بھٹی، چوہدری اشتیاق اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کے درمیان محبت، اتحاد اور ملی جذبہ کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر معروف گلوکار قدیر احمد خان نے ملی نغمہ بھی پیش کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی ترقی کے اصل ستون ہیں جو ترسیلات زر، سرمایہ کاری، ہنر اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصاً خیبرپختونخوا اور سابقہ قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سرمایہ کاری، تعلیم اور ترقی کے شعبوں میں ان کے تعاون کو مزید سہل بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں معاشی استحکام، علاقائی امن اور سماجی ترقی جیسے چیلنجز درپیش ہیں لیکن پاکستانی عوام کی ہمت، وسائل اور نوجوانوں کی صلاحیتیں ملک کو ایک روشن مستقبل کی جانب لے جا سکتی ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی بہادری نے ملک کی خودمختاری کو قائم رکھا ہے۔ گورنر کے پی نے گرینڈ اوورسیز گیدرنگ کے منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ کمیونٹی کو اس جذبے اور اتحاد کے ساتھ اکٹھا کرنا قابلِ تعریف عمل ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان ہمیشہ ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن رہے اور اوورسیز کمیونٹی کا اپنے وطن سے تعلق مزید مضبوط ہو۔