"آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی تین نشستوں، ایل اے 39 جموں 6، ایل اے 43 ویلی 4 اور ایل اے 44 ویلی 5، پر پولنگ 2 اگست کو ہوگی۔”
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی تین نشستوں پر پولنگ 2 اگست کو ہو گی

مزید خبریں
راولپنڈی۔30جولائی (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی تین نشستوں، ایل اے 39 جموں 6، ایل اے 43 ویلی 4 اور ایل اے 44 ویلی 5، پر پولنگ 2 اگست کو ہو گی۔
انتخابی عمل کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سکیورٹی اور انتظامی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر 27 ہزار 907 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 14 ہزار 917 مرد اور 12 ہزار 990 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ایل اے 39 جموں 6 میں 20 ہزار 807، ایل اے 43 ویلی 4 میں 3 ہزار 346 اور ایل اے 44 ویلی 5 میں 3 ہزار 754 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر 34 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ایل اے 39 جموں 6 سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد صدیق، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری فخر زمان، استحکام پاکستان پارٹی کے محمد طاہر کھوکھر سمیت 14 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ایل اے 43 ویلی 4 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون، پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ، استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید سمیت 12 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ایل اے 44 ویلی 5 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد احمد رضا قادری، پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد راشد اسلام، جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار، مسلم کانفرنس کی مہرالنساء سمیت 8 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ایل اے 39 جموں 6 کے لیے 155، ایل اے 43 ویلی 4 کے لیے 10 اور ایل اے 44 ویلی 5 کے لیے 27 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں جبکہ راولپنڈی ضلع میں ان حلقوں کے لیے قائم 100 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 18 کو حساس قرار دے کر وہاں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سٹی پولیس آفیسر حسن مشتاق سکھیرا کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں انتخابی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے، ان مقامات کے سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک رکھنے، انتخابی سامان کی محفوظ ترسیل، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی ریسپانس اور سول ڈیفنس پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ووٹروں کو پرامن، محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے باہمی رابطے کو مؤثر رکھا جائے تاکہ انتخابی عمل شفاف، منظم اور پرامن انداز میں مکمل کیا جا سکے۔








