آسٹریلوی بائولرز کی 2018ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میں وارنر کو کھیلانے پر میچ کا بائیکاٹ کرنے کی خبروں کی تردید

میلبورن۔ 31 مارچ (اے پی پی)آسٹریلوی بائولرز مچل سٹارک، جوش ہیزلووڈ، پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے 2018ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں وارنر کو کھیلانے پر میچ کا بائیکاٹ کرنے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ سڈنی مارننگ ہیرلڈ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کمنز، سٹارک، ہیزلووڈ اور لیون نے وارنر پر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر پابندی نہ لگائے جانے پر پروٹیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی تھی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بائولرز کی طرف سے بیان جاری کیا ہے جس میں چاروں بائولرز نے میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر منفی ہتھکنڈے استعمال کر کے ہمارے اور وارنر کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی سازش کر رہے ہیں، اس رپورٹ پر بے حد مایوسی ہوئی، بطور ٹیم ہم سب کا فوکس ایک ساتھ مل کر آسٹریلوی ٹیم کو ورلڈ کپ اور ایشز سیریز کیلئے تیار کرنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے پر کرکٹ آسٹریلیا نے کپتان سٹیون سمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کی تھی تاہم اب تینوں کھلاڑیوں کی سزائیں ختم ہو گئی ہیں۔