آسٹریلوی حکومت کا بھنگ سے کینسر کے علاج پر تحقیق کے لئے2 ملین ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

کینبرا ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) آسٹریلیا بھنگ سے کینسر کا علاج ممکن بنانے کے لیے ہونے والی تحقیق کے لیے دو ملین ڈالر سے زائد فنڈز فراہم کرے گا۔مقامی نشریاتی اداریکے مطابق آسٹریلیا کے وزیر صحت گریگ ہنٹ نے کہا ہیکہ بھنگ سے بنی ادویات اور مصنوعات کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بہت سے مریض بھنگ سے بنی ادویات کو استعمال کرنے کے بعد انہیں اپنے لئے مفید قرار دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس لیے یہ تحقیق ضروری ہے کہ کیا واقعی کینسر کا علاج بھی بھنگ سے بنی ادویات اور مصنوعات کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔آسٹریلیا میں قانون کے مطابق ایسی ادویات صرف ڈاکٹر کے نسخے پر خریدی اور فروخت کی جاتی ہیں جبکہ بھنگ سے دوائیں بنانے کے لیے حکومت سے لائسنس لینا ضروری ہے۔ گریگ ہنٹ نے کہا کہگزشتہ سال تک 11 ہزار سے زیادہ مریضوں کو ان ادویات تک رسائی کی اجازت دی گئی تاہم اس سال تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔وزیر صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھنگ طبی حوالوں سے کس حد تک مفید ہے اس بارے میں کلینکل سٹڈی بہت قلیل ہے۔ان کے بقول طب کے پیشہ ور اور ماہرین کی جانب سے ملنے والے ثبوتوں کی بنیاد پر تحقیق میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال مارچ تک صرف دو کمپنیوں نے بھنگ سے دوائیں تیار کرنے کے لیے ان کی افزائش اور فصل اگانے کے باقاعدہ لائسنس حاصل کئے تھے۔وزیر صحت گریگ ہنٹ برطانوی نژاد آسٹریلوی فن کارہ اولیویا نیوٹن کی سربراہی میں ایک فنڈ جمع کرنے کی واک میں شریک تھے۔