آسٹریلوی ٹیم کی فواد احمد کے دکھ میں شریک ہونے کیلئے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت

97
سیاہ پٹیاں

دہلی۔25اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ میچ کے دوران ساتھی کرکٹر فواد احمد کے بچے کی وفات پر ان سے دکھ کے اظہار کیلئے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے۔ فواد احمد کا 9 ماہ کا دوسرا بچہ میلبورن کے رائل چلڈرنز ہسپتال میں داخل تھا جہاں وہ اپنی زندگی کی بازی ہار گیا۔

گزشتہ روز فواد احمد نے اپنے بیٹے کی وفات کی تصدیق کی۔ بدھ کو ارون جیٹلی سٹیڈیم میں میچ کے آغاز سے قبل قومی ترانے کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کے دکھ میں شریک ہونے کے لئے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں داخل ہوئے جبکہ اس دوران سابق بھارتی کرکٹر بشن سنگھ بیدی کی وفات پر گرائونڈ میں ایک منٹ تک خاموشی اختیار کی گئی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے تعزیتی پیغام میں فواد احمد اور ان کے خاندان کے ساتھ افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ فواد احمد پاکستان میں پیدا ہوئے اور آسٹریلیا منتقل ہونے سے قبل وہاں ہی اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ فواد احمد نے 2013ء میں دورہ انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی طرف سے تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں حصہ لیا۔