سڈنی ۔ 10 مارچ (اے پی پی) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 13 مارچ کو سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ پر کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران کینگروز کے خلاف تین ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت آرون فنچ کریں گے جبکہ مہمان ٹیم کین ولیمسن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 15 مارچ کو سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 20 مارچ کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی چیپل ہیڈلی ٹرافی سیریز کےلئے 15 رکنی کیوی سکواڈ کی کمان کین ولیمسن کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل، ٹام لیتھم، مارٹن گپٹل، راس ٹیلر، ٹرینٹ بولٹ، کولن ڈی گرینڈہوم، لوکی فرگسن، میٹ ہنری، کِلی جیمسن، جمی نیشام، ہنری نکولس، مچل سینٹنر اور ایش سودھی شامل ہیں۔