آسٹریلیا میں بے روزگاری کی شرح کم ہو کر 4.4 فیصد رہ گئی
آسٹریلیا میں بے روزگاری کی شرح کم ہو کر 4.4 فیصد رہ گئی
کینبرا۔25جون (اے پی پی):آسٹریلیا میں مئی 2026 کے دوران بے روزگاری کی شرح کم ہو کر 4.4 فیصد رہ گئی جبکہ ملک میں ملازمت یافتہ افراد کی تعداد میں 40 ہزار سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔شنہوا کے مطابق آسٹریلوی ادارۂ شماریات کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ماہانہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ بے روزگاری کی شرح اپریل میں 4.5 فیصد تھی جو مئی میں کم ہو کر 4.4 فیصد ہو گئی۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق مئی میں بے روزگاری کی شرح میں یہ کمی ماہرینِ معاشیات کی توقعات کے مطابق رہی کیونکہ اپریل میں غیر متوقع اضافے کے بعد یہ شرح 2021 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔اعداد و شمار کے مطابق مئی کے دوران ملازمت یافتہ افراد کی تعداد میں 40 ہزار 300 کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 47 لاکھ 30 ہزار ہو گئی جبکہ بے روزگار افراد کی تعداد 18 ہزار 300 کم ہو کر 6 لاکھ 71 ہزار 300 رہ گئی۔ادارۂ شماریات کے لیبر اسٹیٹسٹکس کے سربراہ شان کرک نے کہا کہ روزگار میں نمایاں اضافے کی ایک وجہ ان افراد کی تعداد میں کمی ہے جو ملازمت شروع کرنے کے انتظار میں تھے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ایسے بے روزگار افراد کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی جو ملازمت شروع کرنے کے منتظر تھے اور اگلے ماہ بھی بے روزگار رہے تاہم اب اس صورتحال میں بہتری آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق روزگار میں اضافے کے باوجود اپریل کے مقابلے میں مئی کے دوران آسٹریلوی کارکنوں کے مجموعی اوقاتِ کار میں 1.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب اپریل میں اوقاتِ کار میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
شان کرک کے مطابق حالیہ کمی کے بعد مجموعی اوقاتِ کار دوبارہ روزگار میں اضافے کی رفتار کے مطابق آ گئے ہیں۔دریں اثنا، لیبر فورس میں شرکت کی شرح، جو کام کرنے کی عمر کے ان افراد کا تناسب ظاہر کرتی ہے جو یا تو برسرِ روزگار ہوں یا ملازمت کی تلاش میں ہوں، اپریل کے 66.6 فیصد کے مقابلے میں مئی میں بڑھ کر 66.7 فیصد ہو گئی تاہم یہ شرح جنوری 2025 میں ریکارڈ کی گئی 67.2 فیصد کی بلند ترین سطح سے اب بھی 0.5 فیصد کم ہے۔









