09 محرم الحرام: ملتان میں 166 مجالس اور 80 جلوس، 2942 پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور

09 محرم الحرام: ملتان میں 166 مجالس اور 80 جلوس، 2942 پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور

ملتان۔ 25 جون (اے پی پی):ضلع ملتان میں 09 محرم الحرام کے موقع پر مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر 166 مجالس اور 80 جلوسوں کی حفاظت کے لیے 2942 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر سخت نگرانی، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور جامع چیکنگ کا عمل جاری ہے۔سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مکمل رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن برقرار ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کے جان و مال کا تحفظ ملتان پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مذہبی ہم آہنگی، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کی فراہمی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔