کینبرا۔12اگست (اے پی پی):آسٹریلیا کے شہر کیرنز میں ہیلی کاپٹر ہوٹل کی چھت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق کیرنز میں پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کوکیرنز شہر میں اس وقت پیش آیا جب ایک ہیلی کاپٹر ہلٹن ہوٹل کی چھت سے ٹکرا گیا، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور سینکڑوں افراد کو عمارت سے باہر نکال دیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ حادثے کے باعث پائلٹ ہلاک ہو گیا جو ہیلی کاپٹر میں سوار واحد شخص تھا، اس کی باضابطہ شناخت کے لیے فرانزک تحقیقات جاری ہیں ۔
پولیس نے کہا کہ حادثے کے باعث زمین پر کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ہنگامی خدمات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے روٹر بلیڈ کے ٹکڑے ڈبل ٹری ہوٹل کے تالاب میں گرے۔ واقعے کے بعد عمارت کے اوپر ی حصے میں آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ آسٹریلیا کےٹیلی ویژن براڈ کاسٹر اے بی سی نیوز نے ہوا بازی کے ایک ماہر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہوٹل کے آس پاس کا علاقہ زیادہ تر نچلی پرواز کرنے والے طیاروں کے لیے نو فلائی زون ہے اور ایسے علاقے میں اس وقت حادثے کا ہونا انتہائی غیر معمولی تھا۔ آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے سرکاری تفتیش کاروں کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ ہو گئی ہے۔