آکلینڈ۔ 21 فروری (اے پی پی) آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز جیت لی، اس فتح کے ساتھ ہی کینگروز نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں پہلی مرتبہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، بارش کے باعث آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 19 رنز سے شکست دی، کینگروز نے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 14.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر 121 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی، طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ تھمی تو ایمپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی مشاورت سے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا، اسطرح آسٹریلوی ٹیم 19 رنز سے کامیاب رہی، ڈی آرسی شارٹ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، میکسویل 20 اور فنچ 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، آشٹن ایگر میچ اور گلین میکسویل سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔