آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے ہر اکر دومیچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی

115
Australia vs West Indies
Australia vs West Indies

ایڈیلیڈ۔19جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی،ویسٹ انڈیز کی ٹیم میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز میں 120 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان کینگروز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 26 رنز کا آسان ہدف دیا جو بعد میں آسٹریلوی ٹیم نے باآسانی بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔ میچ کا فیصلہ تیسرے روز ہی ہوگیا۔میزبان ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز ٹراوس ہیڈ کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعہ کو ایڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے دو میچوں کی سیریز کےابتدائی ٹیسٹ کے تیسرے روز مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 73 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جوشوا ڈا سلوا17 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔جوشوا ڈا سلوااپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد 18 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،الزاری جوزف ویسٹ انڈیز کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

گڈاکیش موتی نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے،شمر جوزف ویسٹ انڈیز کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔کیمارروئچ 11 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 120 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے آسان 26 رنز کا ہدف دیا ۔

آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش ہیزل ووڈ نے پانچ،مچل سٹارک اور نیتھن لیون نے دو، دو جبکہ کیمرون گرین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے 26 رنز کا آسان ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو میچ میں با آسانی 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلوی ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز ٹراوس ہیڈ کو پہلی اننگز میں شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔