آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے شکست دیدی، فنچ پلیئر آف دی میچ قرار

59
آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 419 رنز سے ہرا کر سیریز کلین سویپ کر لی

کوئنزلینڈ۔5اکتوبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دیدی، کینگروز نے 146 رنز کا ہدف آخری اوور کی 5ویں بال پر حاصل کرلیا، کپتان ایرون فنچ کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا،آسٹریلیا کو 2 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔ بدھ کو کرارا اوول میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

اوپنر کائل میئرز 39 ، اوڈین سمتھ 27 اور ریمون ریفر 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر سنبھل کر نہ کھیل سکا اور ویسٹ انڈین ٹیم کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بائولر جوش ہیزل ووڈ نے 3، مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے دو دو جبکہ کیمرون گرین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور کی 5ویں بال پر 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان ایرون فنچ نے مڈل آرڈر میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 53 بالوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ میتھیو ویڈ 39 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے شیلڈون کوٹریل اور الزاری جوزف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جیسن ہولڈر’ یانک کاریا اور اوڈین سمتھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا نے اس فتح کے بعد دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔