آسٹریلیا کی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک کے لیے سفری انتباہات میں نرمی کر دی ہے، جن میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں، یہ فیصلہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے بعد کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کا مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک کے لیے سفری انتباہات میں نرمی کا اعلان

مزید خبریں
کینبرا۔17جون (اے پی پی):آسٹریلیا کی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک کے لیے سفری انتباہات میں نرمی کر دی ہے، جن میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں، یہ فیصلہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے بعد کیا گیا ہے۔ شنہوا کے مطابق وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ حکومت نے بحرین، اسرائیل، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات کے لیے سفری ہدایت نامہ بلند ترین سطح چار’’سفر نہ کریں‘‘ سے کم کر کے سطح تین ’’سفر پر نظرِ ثانی کریں‘‘ کر دیا ہے، تاہم اسرائیل کے کچھ علاقوں میں سطح چار کی وارننگ برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ و تجارت نے موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر ان ممالک میں خطرے کی سطح کو کم کرنا مناسب سمجھا ہے، تاہم آسٹریلوی شہریوں کو غیر ضروری سفر موخر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان ممالک سے گزرنا ضروری ہو تو قیام کو کم سے کم کریں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں ۔بیان کے مطابق ایران، عراق، لبنان، فلسطین، شام اور یمن کے لیے اب بھی ’’سفر نہ کریں‘‘ کی سطح چار کی وارننگ برقرار ہے، جبکہ اردن، عمان اور سعودی عرب کے لیے سطح تین کی وارننگ لاگو ہے۔








