آشوب چشم کی بیماری ہرسال دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتی ہے،آئی سرجن

324
آشوب ِ چشم

چشتیاں ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):آشوب چشم کی بیماری ہرسال دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کرتی ہے،آشوب چشم کا وائرس موسم برسات کے دوران ہوا میں نمی میں اضافہ،غیر صحت بخش فضا وآلودہ پانی اور بے احتیاطی کی بدولت بہت تیزی سے پھیلتا ہے،آشوب چشم قابل علاج ہے، چنانچہ اس کے خاتمہ کیلئے سرکاری ہسپتال میں آنکھوں کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

اس امر کا اظہار تحصیل ہسپتال چشتیاں کے آئی سرجن ڈاکٹر اسامہ جاوید نے میڈیا سے بات چیت کے دوران مزید بتایا کہ آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ایم ایس تحصیل ہسپتال چشتیاں ڈاکٹر محمد عمران انور کی نگرانی میں 6 دنوں کے دوران آشوب چشم کے 13سو سے زائد مریضوں کی آنکھوں کے چیک اپ کے بعد آئی ڈراپس مفت دیے گئے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آشوب چشم کے مریض کسی سے ہاتھ بھی نہ ملائیں،اپنا صابن تولیہ،کنگھا،عینک،موبائل فون،کیلکو لیٹر،میک اپ کٹ وغیرہ دوسرے افراد سے دور رکھیں،آنکھ صاف کرکے ٹشو پیپر ضائع کردیں اورٹھنڈے پانی کی ٹکور کریں۔

انہوں نے کہا کہ آشوب چشم کی وجوہات میں زیادہ تر وائرس،بیکٹیریا،الرجی شامل ہے ،چنانچہ گھر یا سکول کالج میں کسی بچے یا بڑے کی آنکھوں میں آشوب چشم کی علامت دیکھیں تو اسے گھر کے ایک کمرے میں آرام کرنے کا پابند کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ آنکھوں کی حفاظت کی خاطر آنکھوں کے ڈاکٹر کے مشورہ کے بغیر کوئی دوائی استعمال نہ کریں۔