برسلز ۔26اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے لکسمبرگ کے شاہی محل میں ایک پروقار تقریب میں گرینڈ ڈیوک آف لکسمبرگ کو سفارتی اسناد پیش کیں۔
برسلز میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر آمنہ بلوچ نے اس موقع پر پاکستان کی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنی اسناد پیش کرنے کے علاوہ لکسمبرگ کی وزارت خارجہ اور یورپی امور کے سیکرٹری جنرل، ایمبیسیڈر جین اولنگر سے بھی ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران، دونوں اطراف نے پاکستان اور لکسمبرگ کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ لکسمبرگ کی وزارت اقتصادیات میں ڈائریکٹر جنرل برائے فروغ غیر ملکی تجارت اور سرمایہ کاری پیٹرک نکلس بھی گفتگو کے دوران موجود تھے۔
آمنہ بلوچ نے ایک نیٹ ورکنگ سرگرمی کی میزبانی بھی کی جس میں لکسمبرگ چیمبر آف کامرس، نیشنل ریسرچ فنڈ کے نمائندوں اور ایکسو ایٹلیٹ کے سی ای او نے شرکت کی جس میں اختراعی روابط اور تجارتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا سفارتخانے نے لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک سرگرمی کا اہتمام بھی کیا جس میں لکسمبرگ میں پاکستان کے امیج کو فروغ دینے کے امکانات اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔