مظفر آباد۔ 16 مئی (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ میں پوری قوم، بالخصوص آزاد کشمیر کی باشعور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ہم آج اپنے عظیم وطن کی افواج کی بے مثال فتح اور بہادری کا جشن منا رہے ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے بھارت کو عبرت ناک شکست دینے پر یومِ تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص وہ روشن مثال ہے جس پر آنے والی نسلیں بھی فخر کریں گی، 7 مئی 2025ءکو رات کی تاریکی میں جب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، اس وقت بھی ہماری فضائیہ نے ان کے پرخچے اڑا دئیے اور ان کے پانچ طیارے مار گرائے ۔10 مئی کو ہماری بہادر افواج نے جس حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی غیرت کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا گیا بلکہ پوری قوم کے حوصلے بلند کر گیا۔
پاک فوج نے اپنے جرات مندانہ اقدامات سے دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستان ایک پرامن مگر باعزت اور خودمختار ریاست ہے اور اگر اس کی سالمیت پر آنچ آئی تو جواب پتھروں سے نہیں، فولاد سے دیا جائے گا۔آج ہم یومِ تشکر مناتے ہوئے اُن عظیم شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہماری دعائیں اُن کے درجات کی بلندی اور اُن کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کے ساتھ وابستہ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597865