فیصل آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی):ائیر لائنز کو فیصل آباد کے پوٹینشل سے بھر پورطریقے سے فائدہ اٹھانے کیلئے یہاں سے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فلائی جناح کے محمد جواد سے ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ فلائی جناح کو فوری طور پر فیصل آباد سے کراچی کیلئے کم از کم ہفتہ وار ایک پرواز ضرور شروع کرنی چاہیے تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ اس شہر میں کس قدر پسنجر لوڈ ہے اس طرح ان کیلئے فیصل آباد سے سعودی عرب اور دیگر بین الاقوامی روٹس کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا راستہ بھی کھل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیگریشن، ایف آئی اے اور فیصل آباد ائیر پورٹ کے پسنجر لاؤنج سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے وہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے متعلقہ اداروں کو خط لکھیں گے تاکہ یہاں سے سفر کرنے والے مسافروں کے علاوہ ٹریول ایجنٹس کیلئے بھی زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی ائیر لائنز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے تھے جبکہ ہمیں اب فلائی جناح کے ساتھ اس قسم کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کرنے کا جائزہ لینا چاہیے۔ نائب صدر شاہدممتاز باجوہ نے کہا کہ لاہور سمیت دیگر شہروں سے فضائی سفر کرنے والوں میں بھی25سے 40فیصد تک مسافر فیصل آباد کے ہوتے ہیں جن کیلئے تمام متعلقہ ائیر لائنز کو یہاں سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا جائزہ لینا چاہیے۔
فلائی جناح کے محمد جواد نے کہا کہ فلائی جناح و ائیر عریبیہ کے تعاون سے سعودی عرب کیلئے کئی پروازیں چلا ئی جا رہی ہیں تاہم اس وقت فلائی جناح کو جہازوں کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی جہاز دستیاب ہوئے فیصل آباد سے ڈومیسٹک اور براہ راست بین الاقوامی پروازیں بھی شروع کی جا سکتی ہیں۔
ٹریول ایجنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے ندیم اقبال نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر ٹرپل سیون جیسے بڑے جہاز بھی آئیں تاکہ یہاں کے مسافروں کو اُن کے ہوم ٹاؤن میں ہی مزید سفری سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔ اس موقع پر فلائی جناح کے سی ایف او سمیع اللہ، شاہد مجید، قیصر عباس، اسماعیل رجب، طارق چوہدری، محترمہ ہاجرہ تبسم، فاروق احمد خاں اور محمد جمیل کسانہ بھی موجود تھے۔