اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں 14 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔اتوار کو ایک بیان میں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ میں دائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث ابرار احمدکومیدان سے باہر جانا پڑا تھا، میڈیکل ٹیم نے سپنر کا معائنہ کیا،
بعدازاں انکا ایم آر آئی سکین بھی کرایا گیاتھا،میڈیکل ٹیم کے مطابق ابھی ابراراحمد کی انجری کی نوعیت کے بارے کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم پرتھ ٹیسٹ میچ سے قبل ان کا مکمل فٹ ہونا ممکن نہیں اسلئے وہ آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے لیکن ابھی وہ سیریز سے باہر نہیں ہوئے ہیں،ابرار احمد میڈیکل ٹیم کی نگرانی بحالی صحت کا عمل جاری رکھیں گے، آسٹریلوی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ سے قبل انکی دستیابی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین وہاب ریاض نے ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر بیک اپ کھلاڑی کے طور پر آف سپنر ساجد خان کے نام کی منظوری دے دی ہے، جو سفری دستاویز مکمل ہونے کے بعد پرتھ روانہ ہوں گے۔