ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کا روانڈا میں پانی کے نظام کی توسیع کے لیے 92 ملین درہم قرض کا معاہدہ

127
Abu Dhabi Fund for Development
Abu Dhabi Fund for Development

ابوظہبی۔11دسمبر (اے پی پی):ابوظہبی فنڈ برائے ترقی نے روانڈا میں پانی کے نظام کی توسیع کے لیے 92 ملین درہم قرض کے معاہدہ پر دستخط کر دیئے۔امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق ابوظہبی فنڈ برائے ترقی نے روانڈا کی حکومت کے ساتھ 92 ملین درہم (تقریباً 25 ملین امریکی ڈالر) کے قرض کا معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد کارینج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پانی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی توسیع کے منصوبے کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

یہ سٹریٹجک منصوبہ روانڈا کی پانی کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے عالمی ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کے عزم کو اجاگر کرتا ہے، خاص طور پر وہ منصوبے جو 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز)کے مطابق ہیں۔ ان میں 6 پائیدار ترقیاتی اہداف شامل ہیں ، جو صاف اور پائیدار پانی تک رسائی یقینی بنانے پر مرکوز ہیں ۔معاہدے پر ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی اور متحدہ عرب امارات میں روانڈا کے سفیر جان میرنجے نے دستخط کیے۔

دستخطی تقریب میں دونوں فریقین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔یہ منصوبہ روانڈا کے دارالحکومت کیگالی کے لیے پانی کی سپلائی میں خود کفالت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع پروگرام کا حصہ ہے۔ اس اقدام میں روزانہ36ہزار مکعب میٹر پانی کی گنجائش کے ساتھ ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر شامل ہے، ساتھ ہی شہر کے اہم علاقوں میں پانی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو وسعت دینا بھی شامل ہے۔