
اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان (اتوار) کو سرکاری دورہ پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اپنے دورہ کے دوران ولی عہد وزیراعظم سے معاونین کے بغیر ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوگی۔ وزیر اعظم ہاﺅس پہنچنے پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مسلح افواج کے چاکو چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی معزز مہمان کو سلامی دی۔ تین ماہ سے کم عرصے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خصوصی نوعیت کی مظہر ہے۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو سالانہ 4 ارب 50 کروڑ ڈالر پاکستان بھجواتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات پہلے ہی پاکستان کو ادائیگی کے توازن کے بحران پر قابو پانے میں مدد کیلئے 3 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کرچکا ہے جبکہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ شیخ محمد بن زید النیہان کی سرپرستی میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان امدادی پروگرام کے تحت پولیو اور تعلیم کے شعبے میں سب سے بڑی قابل قدر امداد دی ۔ انہوں نے 2007 ءمیں پاکستان کا آخری مرتبہ دورہ کیا تھا۔ قبل ازیں نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا استقبال کیا اور اس موقع پع معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی جبکہ وزیر اعظم وزیر اعظم ولی عہد ابو ظہبی کو اپنے ساتھ بٹھا کر خود گاڑی چلاتے ہوئے وزیر اعظم ہاﺅس پہنچے۔