
اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اے پی پی) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان پاکستان کے دورے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ نور خان ایئر بیس پر معزز مہمان کو پرنسپل انفارمیشن آفیسر(پی آئی او) میاں جہانگیر نے دورے کا یادگاری البم پیش کیا۔ ،وفاقی وزراء اور اعلی حکام نے ابوظہبی کے ولی عہد کو الوداع کیا۔ محمد بن زید النہیان نے اس سے قبل جنوری2007ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ پاکستان اور امارات کی قیادت کے درمیان تین ماہ میں ہونے ہونے والا یہ تیسرا اعلی سطح کا رابطہ ہے۔نورخان ائیربیس سے اسلام آباد آنے والے راستے پر دونوں ملکوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے گئے تھے جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور مثالی تعلقات کی بھر پور عکاسی کرتے ہیں۔ ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیا ن کی استقبالیہ تقریب میں روایتی رقص بھی پیش کئے گئے جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کے دلکش مناظر نمایاں تھے۔