راولپنڈی۔28فروری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے راہنما چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا روز اول سے یہی بیانیہ ہےکہ ا نتخابات شفاف اور جانبدار ہوں ،آئین اورقانون کی بالادستی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، آج وہ وقت اگیا ہے جو پیسوں کے بل بوتے پر ووٹ خریدتے ہیں یاخود اقتدار کے ایوانوں میں آتے ہیں ان کے راستے بندکئے جائیں ، دوسرے ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والے اپنے ملک میں کاروبارکرنے پر ترجیح دے رہے ہیں۔۔
ان خیالات کا اظہار شہریارخان آفریدی نے اتوار کوراولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کے زیراہتمام کنسٹرکشن ٹریڈ میلا کی اختتامی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ راولپنڈی چیمبرآف کامرس کے صدر محمدناصر مرزا،چیئرمین ایکسپوسردار تنویر سرور سمیت تعمیراتی صنعت سے وابستہ صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ آج عام شہری کو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ چھانگا مانگا اور پیسے کی سیاست نے پارلیمنٹ ، اراکین کی سیاست اور اس ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے جہاں پرووٹوں کی بھیڑ بکریوں کی طرح بولی لگتی ہے، اب یہ اندازہ کریں کہ سینٹ انتخابات میں پیسوں کے لین دین کے حوالے سے جو ویڈیوریلیز ہوئی ہے تو اس کے بعد پارلیمنٹ اور پارلیمنٹرین کی عزت یا وقا ر کیسے بحال رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کا روز اول سے یہی بیانیہ تھا کہ نتخابات شفاف اور جانبدار ہوں ،کیونکہ اگر اراکین پارلیمنٹ کا عزت ہوگی تووہ ملکی مفادات اورنیشنل سیکیورٹی کے لئے بھی بہترین ہوگی اور پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھاجائے گا لیکن اگر پیسے کے بل بوتے پر پارلیمنٹ کے اراکین ایوانوں میں آئیں گے جن کو پارلیمنٹ کے بنیادی نکات اورقوانین کا علم نہیں ہوگا تو پھر یہی حال ہوگا کہ ملک مقروض ہوگا ۔
انہوں نے کہا ہے کہ جن سیاست دانوں کی قیمتیں لگتی ہیں ان کا اب وقت آگیا ہے کہ انہیں باہر نکالا جائے اور وہ تمام لوگ جو کسی بھی طرح اس نظام میں جڑے ہوئے ہیں انہیں بے نقاب کیا جائے ۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں 20ایم پی ایز کو باہر نکال کر ایک مثال قائم کر دی تھی اور آج وہ وقت اگیا ہے جو پیسوں کے بل بوتے پر ووٹ خریدتے ہیں یاخود اقتدار کے ایوانوں میں آتے ہیں ان کے راستے بند کرنے کا وقت آگیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو آگے آکر جمہوری سیاست اور ملک کی بہتری کے لئے ان کا راستہ روکنا ہوگا۔آئین اورقانون کی بالادستی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے،الیکن کمیشن ،سپریم کورٹ آف پاکستان جو بھی ہدایات دیں گی وہ من وعن قبول کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو بہتربنانے کا منصوبہ بنایا ہے اور اسی صنعت سے وابستہ چالیس صنعتوں کو بھی فائدہ ہوگا اسی طرح راولپنڈی چیمبر کے زیراہتمام تعمیراتی فرموں کو جو پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کی تعمیراتی کمپنیاں اپنی تشہیر کر رہی ہیں جس سے نہ صرف مزدور اور ہنرمند طبقہ کے لئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ ملکی معیشت بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا ہے کہ پچھلے ادورمیں سرمایہ کارمایوسی کا شکار رہے جس وجہ سے وہ دوسرے ممالک میں جا کرسرمایہ کرتے تھے مگر اب وہی سرمایہ کاراپنے ملک میں کاروبارکرنے پر ترجیح دے رہے ہیں۔