اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں ،حکومت کہیں نہیں جا رہی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی، حکومت کہیں نہیں جا رہی، اپوزیشن کو 31 جنوری کو وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ نہیں، ٹھینگا ملے گا، براڈشیٹ سنجیدہ کیس ہے اور اس سے بہت ساری چیزیں نکلیں گی، سابق حکمرانوں نے ملک کو پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنائے، اپوزیشن کچھ بھی کر لے وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ فی الحال تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید کمیٹی کی سربراہی کریں گے، براڈشیٹ سنجیدہ کیس ہے، یہ پانامہ ٹو ہے اور اس سے بہت ساری چیزیں نکلیں گی، سب سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا کوئی جواز نہیں ہے، یہ لوگ صرف ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور نیب کیسز میں ریلیف لینے کیلئے واویلا کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث عناصر کو این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے اور ہو رہا ہے، نیب آزاد ادارہ ہے اور بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر کیسز پرانے ہیں، موجودہ حکومت نے کوئی نیا کیس نہیں بنایا صرف شہباز شریف کا کیس نیا ہے اور ان کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) میں ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان دو لوگوں کا نام اپوزیشن ہے، پیپلزپارٹی ان کے ساتھ نہیں ہے اور پیپلزپارٹی کسی قیمت پر سندھ حکومت کو چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہو گی، ان کو پتا ہے کہ اس کے اثرات کیا نکلیں گے، پہلے کہا تھا کہ یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے، ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گے تو میرا مذاق اڑایا گیا، لانگ مارچ ضرور کریں گے اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی نہیں کرے گی، اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں، وہ عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے، نواز شریف کے پاسپورٹ کی میعاد 16 فروری کو ختم ہو رہی ہے لیکن اگر وہ 16 فروری کے بعد بھی پاکستان آنا چاہیں تو وزارت داخلہ ایمبیسی سے کہہ کر انہیں انٹری سلپ دلوا سکتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ منتخب کیا ہے، پنجاب میں وزیراعلیٰ تبدیل کرنے کا کبھی نہیں کہا۔