لاہور۔21نومبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہوائوں نے ایک بار پھر لاہور کا رخ کر لیا ہے ، دوپہر کے بعد مشرق سے مغرب کی طرف چلنے والی ہوائوں کا رخ تبدیل ہونے کی امید ہے، شہری سموگ سے بچائو کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ماسک لازمی پہنیں ،ہم سب مل کر ہی ایک محفوظ اور صحت مند پنجاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
جمعرات کو جاری بیان میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی سموگ زیروٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں کارروائیاں تیزکردی گئی ہیں، اس حوالے سے محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے صبح کے اوقات میں تعلیمی اداروں میں چھاپوں کے دوران کپس کالج سمیت متعدد کو نوٹسز جاریکر دیے گئے ہیں جبکہ لاہور کے اینٹری پوانٹس پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ سختی سے بند کر دیا گیا ہے ، اینٹی سموگ سکواڈز چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں، اسکواڈز لکھوڈیر،شاہدرہ،ملتان روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ ،گجومتہ ،سگیاں اور بادامی باغ کے داخلی راستوں پرناکے لگا کر ہیوی ٹریفک کے داخلے کو روکنے کے لیے بلاناغہ رات بھرمسلسل نگرانی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سموگ رولز کی خلاف ورزی پرڈی جی خان میں 2 ،لودھراں میں 2،جھنگ میں 3 ،وہاڑی میں3اور ملتان میں 1 نان زگ زیگ بھٹوں کو گرا دیاگیا، ایمشن کنٹرول سسٹم نصب نہ کرنے کے باعث وہاڑی میں 1فیکٹری مسمارکر دی گئی ،لاہور میں 12اور باقی اضلاع میں 10 صنعتی یونٹس سیل کردیے گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ای پی اے نے لاہور کے داخلی راستوں پر گردوغبار سے بچائو کے لیے 363 مٹی اور ریت کی ٹرالیوں کی انسپیکشن کی اور اپنی موجودگی میں ایس او پیز پر عملدرامد کروایا۔
دھواں دیتی 1426 گاڑیوں اور92 ترپال کے بغیرریت کی ٹرالیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ 120گاڑیاں بند کردی گئیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ گرین لاک ڈائون ایریا میں کمرشل جنریٹرز کی انسپیکشن اور پانی کا چھڑکائو جاری ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں میں لاہور میں 12 انڈسٹریل یونٹس سیل جبکہ 3فیکٹریوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ایک صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے،اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر شہری کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں،
عوام سے درخواست ہے کہ حکومتی اداروں سے تعاون کرکے سموگ کے خلاف اس جنگ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہرا اور صحت مند ماحول ہرشہری کا حق ہے،حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ہم سب کی مشترکہ کوششیں ہی اس مسئلے کا حل ہیں۔ حکومت اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، لیکن کامیابی تب ممکن ہے جب عوام بھی ساتھ دیں۔