احتساب سب کے لئے برابر ہو رہا ہے، علی ظفر کی رپورٹ سے مقدمات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، علی ظفر کی رپورٹ صرف سیاسی نقطہ نظر سے اہمیت رکھتی ہے، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

39

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ احتساب سب کے لئے برابر ہو رہا ہے، علی ظفر کی رپورٹ سے مقدمات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، علی ظفر کی رپورٹ صرف سیاسی نقطہ نظر سے اہمیت رکھتی ہے، کابینہ کے ذریعے منظور ہونے والے شوگر کمیشن کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد ہوگا، جہانگیر ترین کے ساتھ پارٹی میں جو انصاف ہونا چاہیے تھا وہ ضرور ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قانون کی حکمرانی کے لئے 23 سال جدوجہد کی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم عمران خان احتساب کے عمل میں رکاوٹ ڈالتے ہیں نہ ہی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کو یہ شکایت تھی کہ پارٹی میں ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ پارٹی کے حوالے سے جہانگیر ترین اور ان کے ساتھیوں کی شکایات کے حوالے سے ہے، اس کے علاوہ مقدمات پر بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ کا کوئی اثر نہیں پڑے گا، یہ رپورٹ صرف پارٹی کے سیاسی معاملات کے لئے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے، پارٹی میں دراڑ تھی اور نہ ہی کوئی دراڑ ہے، پارٹی میں شامل تمام لوگوں کو وزیراعظم عمران خان پر یقین ہے، پاکستان تحریک انصاف نے نوجوانوں کو بھی موقع دیا ہے اور پرانے تجربہ کار سیاستدانوں سے بھی مستفید ہو رہی ہے۔