اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):احساس راشن پروگرام میں ا ب تک 9.6 ملین خاندان اور 10,000 سے زائد کریانہ اسٹورز رجسٹریشن کراچکے ہیں ۔ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق احساس راشن پروگرام وزیر اعظم کی براہ راست ہدایات پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 20 ملین خاندان جن کی آمدنی 50,000 روپے سے کم ہے اور وہ لوگ جو غربت کے ایک خاص سکور سے نیچے آتے ہیں وہ ہر ماہ تین گروسری آئٹمز آٹا، دالیں، کوکنگ آئل/گھی کی خریداری پر 1000روپے کی رعایت کے حقدار ہوں گے۔
کابینہ نے نومبر کے پہلے ہفتے میں اس پروگرام کی منظوری دی اور اس کے فوراً بعد اس پروگرام کے لئے درخواستیں طلب کرنے کے لئے ایک رابطہ مہم شروع کی گئی۔ اس پر عوامی ردعمل زبردست رہا ہے۔ ایک بیان میں حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 9 ملین سے زائد خاندان اس پروگرام سے معاونت حاصل کرنے کے لئے رجسٹر ہو چکے ہیں اور 10,000 سے زائد ریٹیل یونٹس نے بھی اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے اور رجسٹریشن کرائی ہے۔
احساس راشن ویب سائٹ کو گزشتہ ماہ کے دوران 500 ملین سے زیادہ وزٹ حاصل ہو چکے ہیں۔ اس پروگرام کے اگلے مرحلے میں تجزیہ شامل ہے جو اس ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔ اہل خاندان اپنی اہلیت کی تصدیق 8171 سے ایک ایس ایم ایس کے ذریعے حاصل کریں گے جو کہ احساس ایس ایم ایس کی شناخت ہے۔
یہ ایک ڈیجیٹل پروگرام ہے اور اس میں موبائل پوائنٹ آف سیل کے ذریعے سبسڈی کی پروسیسنگ شامل ہے جسے کریانہ ریٹیلر ڈاؤن لوڈکرے گا۔ حکومت زیادہ سے زیادہ ریٹیلرز کی اس پروگرام میں اندراج کے لیے حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔امید ہے کہ احساس راشن رعایت دسمبر کے آخری ہفتے سے رجسٹرڈ افراد کو فائدہ پہنچانا شروع کر دے گا۔
وہ خاندان جو رجسٹریشن کے خواہشمند ہیں اور پروگرام سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں وہ اپنا قومی شناختی نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کریں اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ جو موبائل فون ٹیکسٹنگ کے لئے استعمال ہوتا ہے وہ اسی قومی شناختی کارڈ نمبر کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ شرکت کے خواہشمند کریانہ تاجر ehsaasrashan.pass.gov.pk پر رجسٹریشن کرائیں یا نیشنل بینک آف پاکستان کی قریبی برانچ پر تشریف لے جائیں۔