احساس راشن پورٹل مستحقین کو راشن کی تقسیم کے لیے ڈونر تنظیموں کیساتھ منسلک کرنے کے لیے قائم

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اے پی پی) احساس راشن پورٹل مستحقین کو راشن کی تقسیم کے لیے ڈونر تنظیموں کیساتھ منسلک کرنے کے لیے قائم کیا گیا جو کہ ایک مربوط سسٹم ہے۔ اس کا مقصد نجی شعبہ اور ڈونر تنظیموں کی انتہائی ضرورت مند اور پسماندہ افراد تک رسائی آسان بنانا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان کا بنیادی کردار اہل مستحقین کا ڈیٹا مہیا کرنا اور ڈونرز کے ساتھ ان کا رابطہ قائم کروانے تک مرکوز ہے۔ مستحقین اور ڈونر تنظیمیں دونوں پورٹل میں اندراج کیلئے مطلوبہ معلومات فراہم کریں گی۔ مستحقین اور ڈونرز درج ذیل ویب سائٹ کے ذریعے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں:www.rashan.pass.gov.pk۔ مستحقین کی معلومات کی توثیق کی جائے گی اور احساس ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے اہلیت کا تعین کیا جائیگا۔ ڈونر تنظیموں کو پروگرام میں شراکت دار بنانے کیلئے مخصوص اہلیت کے معیار کے مطابق جانچا جائے گا۔ اعدادوشمار کی رازداری کے معاہدوں کے بعد ڈونرز کومستحقین کی معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ مستحقین تک راشن پیکٹ یا مساوی نقد رقم کی تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ایک خاندان سے ایک فرد اس پروگرام سے مستفید ہو۔ صارفین تک راشن کی فراہمی کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ نجی شعبہ مستحقین کو راشن یا نقد رقم فراہم کرنے کیلئے نظام قائم کرنے کی ذمہ دار ہوگا۔ ڈونرز کو پیرامیٹرز کی ایک فہرست دی جائے گی جس کے مطابق وہ ان مستحقین کا انتخاب کریں گے جن کی وہ مدد کر سکیں گے۔ ان پیرامیٹرز میں فرد کی رہائش کا علاقہ، تحصیل یاضلع، فرد کی جنس وغیرہ شامل ہیں۔ احساس راشن پروگرام کے لیے حکومت دو طرح کی تنظیموں کے ساتھ کام کرے گی؛کارپوریٹ تنظیمیں اورغیر منافع بخش تنظیمیں۔ ان تنظیموں کے چناو¿ کا معیار ویب سائٹ www.rashan.pass.gov.pk پر موجود ہے۔ ہم بڑے کارپوریٹ ڈونرز کے ساتھ کام کا آغاز کر رہے ہیں جن کی سالانہ آمدن 2 بلین روپے ہے اور جو کم از کم 10 ملین روپے کا راشن یا اس کے مساوی کیش ضرورت مندوں میں تقسیم کر سکیں۔ اسی طرح وہ این جی اوز جو وزارت داخلہ اور EDA سے منظور شدہ ہیں اور 2 بلین روپے تک کا عطیہ دے سکتیں ہیں انھیں بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔