اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ احساس پروگرام کے تحت غریب ریڑھی بانوں میں اسلام آباد سے ریڑھیاں تقسیم کرنے کے پروگرام کاآغاز کردیا گیا ہے جسے صوبوں تک توسیع دی جائے گی۔یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اتوار کو اسپیکر قومی اسمبلی اپنے حلقہ انتخاب میں یونین کونسل مرغز بازار کے دورے کے دوران عوام سے گل مل گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دکانداروں اور خاص طور پر ریڑھی بانوں سے مسائل اور روزمرہ کے کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے احساس پروگرام کے تحت اسلام آباد سے ریڑھی بانوں میں ریڑھیاں تقسیم کرنے اور انکو قانونی تحفظ فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے اس پروگرام کو اب صوبوں تک توسیع دی جائے گی ۔
بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ضلع صوابی مختلف یونین کونسلوں میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور اللہ تعالی سے مرحومین کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمانے کی دعا کی۔