اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس 8171سکیم کا آغاز، احساس کفالت کے تحت ادائیگیاں شروع کر دی گئی ہیں، احساس نے آج 8171ایس ایم ایس مہم کا آغاز کردیا ہے ، اس کے تحت نئے مستحق گھرانے اپنی اہلیت کے بارے میں جان سکیں گے ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ مستحق گھرانے کفالت پروگرام میں اپنی اہلیت کے بارے میں جاننے کیلئے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کوڈ8171 پر بھیجیں گے جو آج سے فعال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 8171ایس ایم ایس سروس عوام کیلئے بالکل مفت ہے اور اس پر آنے والی لاگت احساس برداشت کرے گا ، احساس نے نئے مستحقین کے اندراج کیلئے عمل شروع کردیا ہے جن کی نشاندہی احساس سروے 2021کی بنیاد پر کی گئی ہے ،
احساس سروے 81 فیصد مکمل ہوچکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مستحقین کی فہرست کو مزید شفاف بنانے کیلئے اعدادوشمار کے تجزیاتی طریقہ کار کے تحت مستحقین کو ویلتھ پروفائلنگ سے گزرنا پڑتا ہے ،جب مستحقین اپنا 13ہندسوں پر مشتمل قومی شناختی کارڈ نمبر 8171پر بھیجیں گے توانہیں یا تو یہ پیغام ملے گا کہ وہ اہل ہیں اور انہیں رقم وصول کرنے کی ہدایت دی جائےگی یا انہیں مطلع کیا جائیگا کہ وہ اہل نہیں ہیں یا انہیں انتظار کرنے کی ہدایت ملے گی ۔
تیسری قسم کے افراد کی جانچ پڑتال کی جائیگی اور انہیں رواں سال جون تک ان کی اہلیت کے بارے میں حتمی پیغام موصول ہو جائے گا ۔ سروے کا عمل جون 2021تک جاری رہے گا ۔معاون خصوصی نے کہا کہ چونکہ 80%سروے مکمل ہے اور 20%آبادی ابھی تک ڈیٹا بیس میں شامل نہیں ہوئی ہے لہذا جب بھی یہ افراد اپنی اہلیت معلوم کرنے کیلئے ایس ایم ایس بھیجیں گے تو انہیں سروے مکمل ہونے تک انتظار کرنے کو کہا جائےگا ۔
احساس نے ملک بھر میں ادائیگی کے 1600سے زائد کیمپ لگائے ہیں جن کا آغاز اس ہفتے سے ہوچکا ہے ۔ ہر مستحق کو جنوری 2021سے جون2021کی مدت تک کیلئے 12000روپے دیے جارہے ہیں ، 6ماہ کیلئے یکمشت ادائیگی کی جارہی ہے ۔ لوگ بالخصوص ادائیگی کیمپوں سے نقد رقم وصول کررہے ہیں ،
کیمپوں میں ادائیگیاں کی جارہی ہیں تاکہ وہاں کویڈ19ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جاسکے ۔مزید برآں ، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے مستحقین حبیب بینک جبکہ خیبر پختونخواہ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مستحقین بینک الفلاح کے بائیومیٹرک اے ٹی ایمز سے رقوم حاصل کرسکتے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=248157