احمدپورشرقیہ۔ 03 اپریل (اے پی پی):بی ڈبلیو ایم سی نے عیدالفطر کے موقع پر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔ سی ای او نعیم اختر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت بہاول پور سمیت دیگر شہروں میں عید الفطر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی سے صفائی ستھرائی کا جامع پلان مرتب کیا گیا اور بہاول پور سمیت ڈویژن کی دیگرتحصیلوں میں بی ڈبلیو ایم سی سٹاف کنٹریکٹرز کی نگرانی میں عید کے تینوں دن پوری طرح متحرک رہا۔
عیدسے قبل سے ہی عید گاہوں، مساجد، پبلک مقامات، پارکس، چوراہوں، شاہراہوں کی صفائی ستھرائی، دھلائی کے بعد چونے کاچھڑکاؤ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ عید الفطر صفائی آپریشنز کے دوران 8 ہزار 4 سو زائد سینیٹری ورکرز اور 1829 آپریشنل گاڑیاں فیلڈ میں متحرک رہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی رہنمائی اور سہولت کے لیے مرکزی دفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ شکایت پورٹل اور لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ پورٹلز پر105 جبکہ کمپنی ہیلپ لائن 1139 پر ڈویژن بھر سے 250 شکایات موصول ہوئیں جن کا ازالہ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ اہم تہواروں پر عوامی تعاون ناگزیر ہے۔عید الفطر کی تعطیلات کے دوران صفائی ستھرائی کے لیے شہریوں نے بھرپور تعاون کیا۔سی ای او کمپنی نے بہاولپور کے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی معمول کی زندگی میں بھی صفائی کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لیے بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلعی سے انتظامیہ سے تعاون کریں۔