احمدپورشرقیہ ،عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات سے متعلق ایک اہم اجلاس

95

احمدپورشرقیہ۔ 26 مئی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام اور عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ویسٹ منیجمنٹ کے تحصیل مینیجر سہیل منظور نجی صفائی کمپنی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران تحصیل مینیجر سہیل منظور نے شہر بھر میں جاری ستھرا پنجاب پروگرام اور عید الاضحیٰ کے موقع پر متوقع صفائی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ قربانی کے دنوں میں اضافی عملہ مشینری اور لائفٹگ گاڑیاں تعینات کی جائیں گی جبکہ آلائشیں بروقت اٹھانے کے لیے خصوصی پوائنٹس فائنل کر لیے گئے ہیں اور ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام صفائی آپریشنز کو موثر بروقت اور شفاف انداز میں انجام دیا جائے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے،آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے عمل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن کو فعال کیا جائے اور عملہ الرٹ رکھا جائے عید سے قبل شہر کے تمام یونین کونسلز میں خصوصی صفائی مہم مکمل کر لی جائے اجلاس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ عید الاضحیٰ پر بہترین صفائی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔