لاہور۔30مئی (اے پی پی):پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار ننھا کی 38ویں برسی 2جون کو منائی جائے گی۔دو عشروں تک لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ملک کے ممتاز کامیڈین رفیع خاورعرف ننھا نے پی ٹی وی کے معروف ڈرامے الف نون سے شہرت دوام حاصل کی۔ننھا نے فلمی کیرئیر کا آغاز 1966 میں فلم وطن کا سپاہی سے کیا تھا لیکن ابتدائی دور میں چھوٹے موٹے کرداروں کے بعد ان کو 1975 میں فلم نوکر سے شہرت ملی۔ انہوں نے 1979 میں فلم ٹہکا پہلوان میں پہلی بار مرکزی کردار کیا۔اداکار علی اعجاز کے ساتھ فلم دبئی چلو نے ان کو صف اول کا اداکار بنا دیا۔
ان کی دیگر یادگار فلموں میں سوہرا تے جوائی ، سالا صاحب،نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی ،مہندی اور دیگر قابل ذکر ہیں۔ ننھا کی ٹائٹل رول پر مشتمل فلم سالا صاحب، لاہور میں 300ہفتے تک زیر نمائش رہی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔رفیع خاور ننھا اور نگیلا کی فلمی جوڑی کو شائقین نے بے پناہ پزیرائی بخشی جبکہ فلمی ہیروئین میں ممتاز،انجمن ،مسرت شاہین،رانی،دردانہ رحمان اور نازلی کے ساتھ بھی ان کی جوڑی کو پسند کیا گیا۔ ننھا کو دنیا سے گئے 38 برس سے زائد ہو گئے ہیں لیکن ان کی 2جون1986کو ہونے والی پُراسرار موت کا معمہ آج تک حل نہیں ہوا۔ پولیس نے ان کی موت کو خودکشی قرار دیتے ہوئے اس کیس کی فائل بند کر دی مگر ان کے بہت سے ساتھی آج بھی اس موت کو خودکشی ماننے کو تیار نہیں ہیں۔