اراکینِ صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کے لیے پوسٹ بجٹ سیمینار کا انعقاد

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اراکین کے لیے پوسٹ بجٹ سیمینار کا انعقاد

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے زیرِ اہتمام اولڈ جرگہ ہال میں اراکینِ صوبائی اسمبلی کے لیے پوسٹ بجٹ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

یہ سیمینار پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز اور سینٹر فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ انیشیٹو کے اشتراک سے منعقد ہوا۔سیمینار کا بنیادی مقصد اراکینِ اسمبلی کی بجٹ سازی، عوامی مالیاتی نظم و نسق، ترقیاتی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری، بجٹ دستاویزات کے تجزیے اور مؤثر پارلیمانی نگرانی سے متعلق استعدادِ کار میں اضافہ کرنا تھا۔ اس موقع پر ماہرین نے شرکاء کو پاکستان میں بجٹ سازی کے مکمل عمل، مالیاتی نظام، وسائل کی تقسیم، ترقیاتی ترجیحات اور بجٹ پر مؤثر قانون سازی و نگرانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو عملی مشقوں اور ورکشاپ سیشنز کے ذریعے بجٹ دستاویزات کو بہتر انداز میں سمجھنے اور ان کے مؤثر استعمال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اراکینِ صوبائی اسمبلی نے سیمینار میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے فعال انداز میں شرکت کی، ماہرین سے مختلف امور پر سوالات کیے اور بجٹ سے متعلق تکنیکی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے اس تربیتی پروگرام کو اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔