اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 25-2024 کے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2025 ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ …
اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر ہے، الیکشن کمیشن
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 25-2024 کے جمع کرانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2025 ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 25-2024 مجوزہ فارم-بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31 دسمبر 2025 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دیں۔
ہر ممبر اسمبلی و سینٹ سابقہ 30 جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے بصورت مجوزہ فارم-بی ہر سال 31 دسمبر سے پہلے یا 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے گا۔ سیکشن 137 کی ذیلی شق کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے نام شائع کرے گا۔ 16 جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کرانے تک وہ پارلیمنٹ واسمبلی کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
اگر کوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137 کے تحت گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس بدعنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کارروائی کرے گا۔ اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات ؍رہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم-بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد ، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر ، سینٹ سیکرٹریٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزیدبرآں فارم-بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈاون لوڈ کیا جا سکتاہے۔









