ریاض۔18جنوری (اے پی پی):اردن میں قتل ہونے والے سعودی شہری زبن عبد صباح الشمری کو سپرد خاک کردیا گیا۔سبق نیوز کے مطابق اردن میں قتل ہونے والے سعودی شہری کی نماز جنازہ اور تدفین میں علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ دو دن قبل اردن میں ایک شخص نے سعودی شہری کو تنازع کے بعد تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کردیا تھا۔
اردن کی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا جو حملے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا تھا۔دوران تفتیش ملزم نے قتل کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والا تیزدھار آلہ برآمد کرلیا۔اردن کی پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے کہا کہ ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا، گرفتاری کےلیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔مزید قانونی کارروائی کےلیے ملزم کو ہائی کرمنل کورٹ کے پبلک پراسکیوٹر کے حوالے کردیا گیا ہے۔