لاہور۔11جنوری (اے پی پی):اردو ادب کے منفرد شاعر احمد فراز کا93 واں یوم پیدائش کل(12جنوری، جمعہ کو) منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں ان کے مداح سالگرہ کے کیک کاٹیں گے اور ان کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
احمد فراز 12جنوری 1931 کو صوبہ کے پی کے کے خوبصورت شہر کوہاٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام سید احمد شاہ تھا جبکہ احمد فراز ان کا تخلص تھا ۔ان کے مجموعہ کلام میں تنہا تنہا ،درد آشوب ،نایافت ،بے آواز گلی کوچوں میں،پس انداز موسم،خواب گل پریشاں ہیں جیسی خوبصورت کتب کو بے پناہ پزیرائی حاصل ہوئی۔ان کے خوبصورت کلام کو گیت بنا کر بہت سے گلوکاروں نے شہرت حاصل کی ۔مہدی حسن کی آواز میں گایا جانے والا ان کا خوبصورت کلام اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں آج بھی زبان زد عام ہے۔
احمد فراز کو آدم جی ادبی ایوارڈ،اباسین ایوارڈ،بھارت کی جانب سے فراق گورکھ پوری ایوارڈ،ٹا ٹا ایوارڈ اور کینڈا کی جانب سے اکیڈمی آف اردو لٹریچر ایوارڈ ،ستارہ امتیاز،ہلال امتیاز،دھنک ایوارڈ، ملینیم ایوارڈ امریکہ،ڈاکٹر اقبال ایوارڈسمیت بہت سے ملکی و غیر ملکی ایوارڈ ز و اعزازات کے ساتھ نوازا جا چکا ہے۔ ان کی شاعری کے انگریزی،فرانسیسی،ہندی،روسی ،جرمن،یوگو سلاوی اور پاکستان کی متعدد علاقائی و صوبائی زبانوںمیں تراجم شائع ہو چکے ہیں۔ احمد فراز کا انتقال25اگست 2008 کو ہوا تھا ۔