اردو ہماری قومی زبان ہے اور اس کی ترویج اور فروغ ہماری قومی ذمہ داری ہے ، قاسم خان سوری

134
میں نے اپنے سامنے آنے والی چیزوں کو دیکھ کر رولنگ دی تھی، میں محب وطن پاکستانی ہوں، میں نے کوئی آئین نہیں توڑا،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے قومی اسمبلی کی ہائوس اینڈ لائبریری کمیٹی کو تمام دستاویزات انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں مہیا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے اور اس کی ترویج اور فروغ ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔ پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل میں ضرورت سے زیادہ اسٹاف کی تعیناتی درست عمل نہیں ہے۔ عوامی نمائندے ہونے کی حیثیت سے عوامی پیسے کی حفاظت کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ وہ عوام کے بہترین مفاد پر استعمال کیا جائے ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے سی ڈی اے کو پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل میں ضرورت کے مطابق ملازمین تعینات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت سے زیادہ اسٹاف کی تعیناتی بھی قوم کے پیسے کو ضائع کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی ہائوس اینڈ لائبریری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس کا اجلاس جمعرات کوپارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی ممبران نے پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل میں رہائش پذیر اراکین پارلیمنٹ کی شکایات پر عمل درآمد نہ ہونے اور سی ڈی اے سٹاف کی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل میں اوورسٹافنگ پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور سی ڈی اے کو کلیریکل اور نان ٹیکنیکل سٹاف کی بجائے ٹیکنیکل سٹاف کی تعیناتی کی ہدایت کی۔کمیٹی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک کو گورنمنٹ ہاسٹل میں ڈسپنسری قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ جلد گورنمنٹ ہاسٹل میں ڈسپنسری کے قائم جائے گی۔ کمیٹی کو قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے دفاتر کی تعمیر سے متعلق معاملات پربھی بریفنگ دی گئی ۔

ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ قائمہ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کے دفاتر کے لیے پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ 2٫2 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے جس پر قائمہ کمیٹی کے چیئرمینوں کے 92 دفاتر تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دفاتر کی عمارت پانچ منزلوں پر مشتمل ہو گی۔ کمیٹی ممبران نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بلڈنگ کی کا ڈیزائن ایسا بنایا جائے جس پر کم سے کم لاگت آئے اور عوام کے پیسے کو انتہائی کفایت شعاری سے استعمال کیا جائے ۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کمیٹی کو قومی اسمبلی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی زمین کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہائی کورٹ نے غیر قانونی قابضین کی طرف سے نیشنل اسمبلی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی پر لیا گیا سٹے آرڈر منسوخ کر دیا ہے۔

کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر کو نیشنل اسمبلی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی زمین سے متعلق تفصیلات سی ڈی اے کو مہیا کرنے کی ہدایت کی ۔کمیٹی نے سی ڈی اےکو سوسائٹی کے لے آئوٹ پلان کی منظوری کے لئے ضروری کاروائی کو مکمل کر کے جلدمنظوری دینے کا کہا ۔ جن اراکین نے کمیٹی اجلاس میں شرکت کی ان میں صالح محمد، عالیہ کامران،منورہ بی بی، مرتضی جاوید عباسی،مسرت رفیق مہسر، اور نصیبہ چنا شامل تھے۔