اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ قومی ہیرو اولمپئین ارشد ندیم کی کامیابی سےشہباز شریف کا ویژن حقیقت بن کر سامنے آیا۔
جمعہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 2008 سے 2018 تک میاں شہباز شریف کی حکومت نوجوانوں کے لئے کئے گئے اقدامات کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے سکول ایجوکیشن میں بڑی اصلاحات کیں اور پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جس نے 450,000 مستحق طلباء کو وظائف سے نوازا۔ رانا مشہود نے کہا کہ انہوں نے 2012 میں پنجاب یوتھ پالیسی کا آغاز کیا اور ان کی حکومت نے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کیا جس میں 26 بیرونی ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایک انتہائی قابل ٹیم کے ساتھ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر کی حیثیت سے شہباز شریف کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کا اعزاز حاصل ہوا۔
یہ ہمارے لیے بڑے فخر کا لمحہ ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک ایتھلیٹ ارشد ندیم، جنہوں نے 2012 اور 2014 کے پنجاب یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹیولز میں حصہ لیا اور اولمپک گولڈ میڈل جیت کر جیولین میں اولمپک ریکارڈ توڑا۔ جب وہ جیت گیا تو باقی پاکستانیوں کی طرح میرے لیے بھی خوشی کے اس لمحے کو بانٹنا اور شہباز شریف کو ان کے ویژن کے لیے مبارکباد دینا فطری بات تھی، جس کا نتیجہ اب نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آنے والے مہینوں اور سالوں میں بہت سے پاکستانی نوجوان اپنا اور ملک کا نام روشن کریں گے۔