اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) ازبکستان کے نائب وزیراعظم علیور گنیوف پیر کو دو روزہ سرکاری دورہ پر یہاں پہنچ گئے۔ وزارت خارجہ امور کے سینئر عہدیداران نے نور خان ایئر بیس پر ازبک نائب وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ازبکستان کے سفیر فرکت صدیقوف بھی موجود تھے۔ سرمایہ کاری، خارجہ، تجارت، ٹرانسپورٹ کے نائب وزراءسمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق ازبک نائب وزیراعظم وزیر خارجہ کے ساتھ گفت و شنید کریں گے اور ریلوے، منصوبہ بندی، قومی غذائی تحفظ، صحت، تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ سمیت مختلف وفاقی وزراءاور مشیران سے ملاقات کریں گے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ازبک نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ کثیر الجہتی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ اس سے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور علاقائی روابط کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ اس دورہ سے وسطی ایشیاءکے ساتھ پاکستان کے رابطے گہرے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔